ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / مینگلور کے قریب پتورمیں ایک بزرگ مرد اور نوجوان لڑکی کا دوہرا قتل۔ مقتول بزرگ کی اہلیہ شدید زخمی

مینگلور کے قریب پتورمیں ایک بزرگ مرد اور نوجوان لڑکی کا دوہرا قتل۔ مقتول بزرگ کی اہلیہ شدید زخمی

Tue, 19 Nov 2019 17:54:21    S.O. News Service

مینگلور19/نومبر (ایس او نیوز) قریبی علاقہ  پتور کے ہوسمار علاقے میں ایک وحشت ناک دوہرے  قتل کی واردات پیش آئی ہے جس میں کوگّو صاحب (65 سال) اور ان کی نواسی سمیحہ بانو(16سال) جاں بحق ہوگئے ہیں جبکہ کوگّو صاحب کی اہلیہ خدیجہ بی(۵۵سال) شدید زخمی ہوگئی ہیں اور انہیں زندگی اور موت کی کیفیت میں علاج کے لئے اسپتال میں داخل کیاگیا ہے۔

اطلاع  کے مطابق گھر میں یہ تین افراد ہی مقیم تھے۔ جن میں سے دو کی موت ہوئی ہے اور زخمی خدیجہ بھی کچھ بھی بتانے کے قابل نہیں ہے۔ اس وجہ سے قتل کی وجہ اور قاتل کے بارے میں پولیس یا مقامی افراد فی الحال کسی نتیجے پر پہنچ نہیں سکے ہیں۔بتایا گیا ہے کہ جب ایک کرایے کے مکان میں رہنے والا موگّو صاحب کا بیٹا عبدالرزاق منگل کے دن صبح کے وقت اپنے والدین سے ملنے پہنچا تو اس نے تینوں کو  خون میں لت پت  پڑ اہوا دیکھ کر آس پاس کے لوگوں کو خبر کردی۔ جب تک دیگر افراد وہاں تک پہنچتے تب تک موگو صاحب اورنویں جماعت کی طالبہ سمیحہ بانو کی موت واقع ہوچکی تھی۔ اور خدیجہ بی کی سانسیں چل رہی تھیں۔

 قتل کی اس واردات کی خبر ملنے پر سمپیا پولیس اسٹیشن کے افسران نے موقع پر پہنچ کر معائنہ کیااور کیس درج کرنے کے بعدچھان بین شروع کردی۔

اب تک اس بات کا پتہ نہیں چل پایا ہے کہ آیا یہ واردات  جائداد کے تنازعے کو لے کر ہوئی ہے یا پھر ڈکیتی کرنے کے مقصد سے پیش آئی  ہے۔


Share: